سیالکوٹ پولیس کی بڑی کامیابی،7 کروڑ روپے مالیت کا 2 کلو سے زائد لوٹا گیا سونا برآمد
سنار کے گھر ڈکیتی کے بعد ملزمان سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار، پولیس نے مالک کے حوالے کردیا
سیالکوٹ پولیس کی بڑی کامیابی، 7 کروڑ روپے مالیت کا 2 کلو سے زائد لوٹا گیا سونا برآمد
تھانہ سمبڑیال پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سنار کے گھر سے لوٹا گیا 7 کروڑ روپے مالیت کا 2 کلوگرام سے زائد سونا برآمد کرکے مالک کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق علی الصبح دو مسلح ملزمان سیڑھی لگا کر سنار کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر ملازم کو یرغمال بنا کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ملتے ہی ڈی پی او دوست محمد نے فوری نوٹس لیا۔ ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سمبڑیال اور ایس ایچ او پولیس ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
پولیس نے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کرکے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ پولیس کے تعاقب اور گرفتاری کے خوف سے ملزمان لوٹا گیا سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران کھیتوں سے تمام سونا برآمد کرکے اس کے مالک کے حوالے کردیا، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیموں کے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔