ایران کے بارے میں 2 ہفتوں میں فیصلہ کریں گے، ٹرمپ کا اعلان
ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا ، تہران امریکی منظوری کے بغیر کوئی بڑا قدم نہیں اٹھائے گا، وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن آئندہ 2 ہفتوں میں یہ فیصلہ کرے گا کہ ایران کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں یا کسی ممکنہ معاہدے کی توثیق کی جائے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران جن تجاویز پر غور کر رہا ہے، ان کی تفصیلات سے قطع نظر ایک بات واضح ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران امریکی منظوری کے بغیر کوئی بڑا قدم نہیں اٹھائے گا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ سات ماہ کے دوران امریکہ نے ایران سے متعلق اپنے تمام اہم اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’آپ کو جلد ہی معلوم ہو جائے گا کہ ہم ایران کے بارے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں۔‘ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران کو تباہ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے، لیکن ’اگر ضرورت پڑی تو ایسا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ علی باقری کنی نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا کہ تہران محض ’کاغذی وعدوں‘ سے مطمئن نہیں ہوگا اور کسی بھی نئی سفارتی پیش رفت سے قبل امریکہ سے عملی اقدامات کا خواہاں ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں کسی بھی نئی جارحیت یا فوجی کارروائی کے نتیجے میں آبنائے ہرمز خودبخود نہیں کھلے گی۔ ان کے مطابق اس اہم بحری گزرگاہ کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنا ایران کی جانب سے طے کی گئی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہے۔