ایل پی جی کی غیر منصفانہ قیمتوں پر عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیر پٹرولیم
مجوزہ نظام کے تحت ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے
ایل پی جی کی غیر منصفانہ قیمتوں پر عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیر پٹرولیم
اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی دستیابی اور اس کی غیر منصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے ایل پی جی کی شفاف نیلامی کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے طریقہ کار کی تیاری کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نئے نظام کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ نیلامی کا نیا طریقہ کار ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، سپلائی کے نظام میں استحکام اور ملک کے توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مجوزہ نظام کے تحت ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے، جبکہ باقی 90 فیصد مقامی ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔
نیلامی میں ہر کمپنی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی نگرانی بھی کی جائے گی اور متعلقہ اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے۔
حکومت کے مطابق نیلامی کے عمل میں تمام اہل کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ بنیادی مقصد صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی مسلسل اور بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی نیلامی کے نئے فریم ورک کی منظوری دی تھی۔