پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے بڑا اقدام، 450 اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم
گراس روٹ پروگرام کے تحت ہر اسکول کو 20 ہاکی اسٹکس اور گول کیپنگ کٹس فراہم، مزید 350 اسکول اگلے ماہ شامل ہوں گے
پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے بڑا اقدام، 450 اسکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم
اسلام آباد: پاکستان ہاکی کو گراس روٹ لیول سے دوبارہ زندہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 450 اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ہاکی کا سامان تقسیم کردیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت ہر اسکول کو 20 ہاکی اسٹکس اور خصوصی گول کیپنگ کٹس فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پہلے مرحلے میں ہاکی سامان کی کٹس تقسیم کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق آئندہ ایک ماہ کے دوران مزید 350 اسکولوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہر ہفتے ہاکی کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کا ہدف ملک بھر کے مجموعی طور پر 1,250 اسکولوں تک پہنچنا ہے تاکہ ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی ہاکی کی صلاحیتوں کو دریافت اور بہتر بنا سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محض کھیلوں کا سامان تقسیم کرنے تک محدود نہیں بلکہ پاکستان ہاکی کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
ان کے مطابق گراس روٹ پروگرام آنے والے برسوں میں بھی جاری رہے گا اور اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ ہاکی کو اسکولوں تک پہنچا کر نوجوان ٹیلنٹ دریافت کیا جائے گا اور پاکستان ہاکی کو بنیاد سے دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔