پولینڈ میں مسلح شخص کی فائرنگ، 6 افراد ہلاک، 15 زخمی، حملہ آور گرفتار
مبینہ حملہ آور کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولینڈ میں مسلح شخص کی فائرنگ، 6 افراد ہلاک، 15 زخمی، حملہ آور گرفتار
پولینڈ کے جنوبی شہر کراکوف میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ حملہ آور کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق واقعہ شہر کے مرکزی چوک میں پیش آیا، جہاں مسلح شخص نے ایک گاڑی سے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو حملہ آور کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور کی عمر 24 سال ہے اور وہ پولینڈ کا شہری ہے۔ اس نے فوجی طرز کے کپڑے پہن رکھے تھے جبکہ اس کے پاس فوجی نوعیت کے ہتھیار بھی موجود تھے۔
مقامی پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کی گاڑی سے متعدد ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تقریباً 3 بجے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
حکام نے تاحال واقعے کے محرکات کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔