نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر قتل کیس، ملزمان کے تعاقب اور ریکی کی تفصیلات سامنے آگئیں

مقتول کا گھر سے دفتر تک تعاقب کیا اور واردات کے لیے موٹر سائیکل پر سواری بننے کا روپ دھارا۔

November 8, 2026 · قومی
نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر قتل کیس، ملزمان کے تعاقب اور ریکی کی تفصیلات سامنے آگئیں

نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر قتل کیس، ملزمان کے تعاقب اور ریکی کی تفصیلات سامنے آگئیں

پشاور: حیات آباد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، تحقیقاتی ٹیم کے مطابق ملزمان نے مقتول کا گھر سے دفتر تک تعاقب کیا اور واردات کے لیے موٹر سائیکل پر سواری بننے کا روپ دھارا۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم نے اپنے ساتھی کو موٹر سائیکل پر بطور سوار بٹھا کر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی گاڑی کا پیچھا کیا۔ مقتول فہد کا تعاقب یونیورسٹی ٹاؤن سے شروع کیا گیا، جبکہ وہ بلٹ پروف گاڑی میں حیات آباد پہنچے تھے۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے واردات سے قبل جائے وقوعہ کی متعدد مرتبہ ریکی کی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کی وجہ مبینہ دشمنی بتائی جا رہی ہے، جبکہ ملزمان کے شناختی کارڈ بھی بلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور ان کے بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔