کولمبیا میں فوجی اڈے پر ڈرون حملہ،3ہلاک،8 شدید زخمی
حملہ سانتا روزا کی بلدیہ میں قائم فوجی تنصیبات پر کیا گیا، جہاں بارود سے بھرے ڈرونز کے ذریعے ملٹری کینٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
کولمبیا میں فوجی اڈے پر ڈرون حملہ،3ہلاک،8 شدید زخمی
کولمبیا کے جنوبی صوبے بولیوار میں فوجی اڈے پر دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرونز کے حملے میں کم از کم 3 فوجی اہلکارہلاک جبکہ 8 شدید زخمی ہو گئے۔
کولمبیا کی فوج کی فرسٹ ڈویژن کے مطابق حملہ سانتا روزا کی بلدیہ میں قائم فوجی تنصیبات پر کیا گیا، جہاں بارود سے بھرے ڈرونز کے ذریعے ملٹری کینٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی اقدامات فعال کر دیے گئے اور اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ جانی نقصان کی تفصیلات جمع کرنا شروع کر دیں۔ زخمی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
کولمبیا کی فوج نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسان دوست قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
فرسٹ ڈویژن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا متعلقہ معلومات سے فوری طور پر حکام کو آگاہ کریں تاکہ مزید پرتشدد واقعات کی روک تھام اور شہریوں و سیکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مشکوک اطلاعات کولمبیا کی انسداد دہشت گردی ہاٹ لائن پر فراہم کریں۔