بنگلہ دیش کا بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا دوبارہ مطالبہ
بھارت سے مجرموں کی حوالگی کے معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کا بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا دوبارہ مطالبہ
بنگلہ دیش نے ایک بار پھر بھارت سے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو ملک واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بنگلہ دیش کے وزیر قانون محمد اسد الزمان کا کہنا ہے کہ بھارت سے مجرموں کی حوالگی کے معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دارالحکومت ڈھاکا کے ایک ہوٹل میں تربیتی ورکشاپ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ شیخ حسینہ کی حوالگی کے معاملے میں تمام ضروری قانونی اقدامات اور مقررہ ضابطے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
محمد اسد الزمان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ کے معاملے میں جذبات کے بجائے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اگر بھارت انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرتا ہے تو ان کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
صحافیوں نے جب ان سے پوچھا کہ کیا شیخ حسینہ کے مقدمے کی کارروائی بھارتی عدالتوں میں ہوگی تو وزیر قانون نے کہا کہ یہ بھارت کی حکومت کا معاملہ ہے، بنگلہ دیش نے حوالگی کے معاہدے کے تحت باضابطہ درخواست دے رکھی ہے۔
شیخ حسینہ کی بھارت میں حیثیت سے متعلق سوال پر، جس میں انہیں قیدی کے بجائے سرکاری مہمان قرار دیے جانے کا معاملہ اٹھایا گیا، محمد اسد الزمان نے کہا کہ ان کی نظر میں شیخ حسینہ ایک مجرم ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اگر بھارت سابق وزیراعظم کو بنگلہ دیش کے حوالے کرتا ہے تو ان کے خلاف کارروائی ملک کے قانون اور طے شدہ قانونی طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔