اسلام آباد میں ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز، 17 ممالک کے 62 کھلاڑی میدان میں آگئے
پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں بین الاقوامی ایونٹ کا افتتاح، پہلے روز پاکستانی کھلاڑیوں کی پانچ فتوحات، مقابلے جاری
اسلام آباد میں ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز، 17 ممالک کے 62 کھلاڑی میدان میں آگئے
اسلام آباد: جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگیا، جس میں 17 ممالک کے مجموعی طور پر 62 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں 39 بوائز اور 23 گرلز شامل ہیں۔
چیمپئن شپ میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
یہ بین الاقوامی چیمپئن شپ دنیا بھر سے ابھرتے ہوئے نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، قیمتی تجربہ حاصل کرنے اور ورلڈ ٹینس ٹور جونیئر رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔ ایونٹ کے لیے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) بطور مرکزی اسپانسر تعاون فراہم کر رہا ہے۔
چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح آج پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن (آئی ٹی اے) کے چیئرمین طارق مرتضیٰ نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری طفیل چیمہ اور خزانچی احسن زیدی بھی موجود تھے۔
بوائز سنگلز: پہلے روز پاکستانی کھلاڑیوں کی پانچ فتوحات
بوائز سنگلز کے مقابلے راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلے جا رہے ہیں، جس کے لیے آٹھ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔ ہر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا کھلاڑی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گا۔
مین ڈرا کے پہلے روز پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں عبدالباسط، حمزہ رومان، ریان خان، احتشام ہمایوں اور ایم حسن عثمانی نے اپنے اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے اپنے گروپس میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرلی۔
بوائز سنگلز، راؤنڈ رابن پہلے راؤنڈ کے نتائج:
– عبدالباسط (پاکستان) نے برینن این جی (سنگاپور) کو 6-4، 1-6، (10-5) سے شکست دی۔
– حمزہ رومان (پاکستان) نے تاچاتم سریسن (تھائی لینڈ) کو 6-1، 6-0 سے ہرایا۔
– ریان خان (پاکستان) نے سنژار بولات (قازقستان) کو 6-4، 6-2 سے شکست دی۔
– فاسین سنچالونگ (تھائی لینڈ) نے ووکاسین پاولووچ (سربیا) کو 6-0، 6-0 سے ہرایا۔
– احتشام ہمایوں (پاکستان) نے پٹینان جتورونروج (تھائی لینڈ) کو 6-1، 6-4 سے شکست دی۔
– جین ڈی سارم (سری لنکا) نے سوچھیرو ایشیدا (جاپان) کو 6-3، 6-2 سے ہرایا۔
– تھیراپت سمریت وانیچا (تھائی لینڈ) نے ابدار علی کو 6-1، 6-1 سے شکست دی۔
– نکیتا ڈوگاڈین (روس) نے جِنگ شوان ژو (چین) کو 3-6، 6-4، (10-4) سے ہرایا۔
– آہل کلی (سری لنکا) نے ڈینیئل الوادی (چین) کو 6-3، 6-1 سے شکست دی۔
– ڈینیئل الیاس (روس) نے زوہیب افضل ملک (پاکستان) کو 6-3، 6-0 سے ہرایا۔
– الیگزینڈر ویارسوٹسکی (بیلاروس) نے ارحم طارق (پاکستان) کو 6-1، 6-1 سے شکست دی۔
– ریحان گوناوردھنا (سری لنکا) نے محمد شایان (پاکستان) کو 6-1، 6-1 سے ہرایا۔
– یوپئی لیانگ (چین) نے محمد یحییٰ (پاکستان) کو 6-3، 4-6، (10-6) سے شکست دی۔
– جیکب لیٹسچ (جرمنی) نے الشن خان محمدکالی (قازقستان) کو 6-0، 6-0 سے ہرایا۔
– ایم حسن عثمانی (پاکستان) نے عامر مزاری (پاکستان) کو 7-5، 6-2 سے شکست دی۔
– ناپت پٹانالرتفان (تھائی لینڈ) نے ایم حذیفہ آصف کو 6-3، 6-1 سے ہرایا۔
گرلز سنگلز: پہلے راؤنڈ کے نتائج
گرلز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں بھی مختلف ممالک کی کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے ہوئے۔
– پلویپیتھ ڈاؤنکھیاؤ (تھائی لینڈ) نے گتھمی ریانا فرنینڈو (سری لنکا) کو 6-1، 6-1 سے شکست دی۔
– انیاوی پیسارن پانوونگ (تھائی لینڈ) نے ڈینیلیا بیسیبائیوا (قازقستان) کو 6-1، 6-2 سے ہرایا۔
– ڈائشی ہو (چین) نے ملانا وروبیوا (قازقستان) کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔
– پولینا سوشکووا (قازقستان) نے حاجرہ سہیل (پاکستان) کو 6-0، 6-1 سے شکست دی۔
– زینیا سیمینووا (قازقستان) نے ماریہ مارکویچ (روس) کو 6-4، 6-1 سے ہرایا۔
– یانا چوہدری (بنگلہ دیش) نے عنایہ خان (پاکستان) کو 6-1، 6-0 سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے مزید مقابلے کل صبح 9 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔