ہمارا ملک کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ نہیں دیتا، بنگلادیش نے حسینہ واجد کی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کردی

وزیر مملکت ہمایوں کبیر کا بھارت سے سابق وزیراعظم کی حوالگی کا مطالبہ، حسینہ واجد نے وطن واپسی پر عدالت پیش ہونے کا ارادہ ظاہر کردیا

November 9, 2026 · بام دنیا

’ہمارا ملک کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ نہیں دیتا‘ بنگلادیش نے حسینہ واجد کی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کردی

ڈھاکا: بنگلادیشی حکومت نے بھارت میں موجود سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کی درخواست مسترد کردی۔

بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ فراہم نہیں کرتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسینہ واجد مفرور مجرم ہیں، بنگلادیش کا بھارت کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ موجود ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بھارت حسینہ واجد کو ہمارے حوالے کرے۔

ہمایوں کبیر نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا ہمیں حسینہ واجد کے ساتھ ایک عام مسافر جیسا برتاؤ کرنا چاہیے اور ان سے کہنا چاہیے کہ آئیں اپنے سسرالی گھر تشریف لے آئیں؟

واضح رہے کہ شیخ حسینہ نے بھارت میں اپنی خود ساختہ جلاوطنی سے وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست دی تھی۔

شیخ حسینہ نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کو بتایا ہے کہ ان کا ارادہ وطن واپس آکر عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ہے۔

ان کے معاونین کے مطابق مختلف دفتری اور قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے جرم میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی، تاہم شیخ حسینہ نے جلاوطنی کے دوران اپنے خلاف عائد تمام الزامات کی تردید کی ہے۔