پنجاب پولیس نے خاتون کے ہاتھوں ملزم کو تھپڑ پڑوا دیئے، مریم نواز نے ویڈیو ٹوئٹ کردی

وزیراعلیٰ پنجاب کا بااثر افراد کو انتباہ،کمزور شہریوں کے استحصال اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

November 9, 2026 · قومی

پنجاب پولیس نے خاتون کے ہاتھوں ملزم کو تھپڑ پڑوا دیئے، مریم نواز نے ویڈیو ٹوئٹ کردی

خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون سے اسے تھپڑ لگوائے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کمزور اور بے سہارا شہریوں پر ظلم کرنے والوں کو اب جواب دینا ہوگا، کوئی بھی طاقتور شخص قانون سے بالاتر نہیں۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ روزانہ عزت کی روزی کمانے کے لیے گھر سے نکلنے والی کسی بے بس خاتون پر ہاتھ اٹھانے والے کو بھی اسی ذلت کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ خاتون کو بھی جوابی تھپڑ مارنے کا حق اور موقع حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی شخص خواہ کتنا ہی امیر، بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو، کسی عام شہری کو دھمکا، اس کا استحصال یا اسے نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ریاست کمزور اور بے سہارا افراد کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہوگی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ طاقتور افراد کے لیے کمزوروں پر ظلم کرکے بچ نکلنے کے دن ختم ہوچکے ہیں، اب ریاست بھرپور جواب دے گی۔