جسٹس جمال خان مندوخیل آج سپریم کورٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے
کئی اہم اور متنازع مقدمات کے فیصلوں کا حصہ رہے، جن میں فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل آج سپریم کورٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جمال خان مندوخیل آج اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ وہ اپنے عدالتی کیریئر کے دوران کئی اہم اور متنازع مقدمات کے فیصلوں کا حصہ رہے، جن میں فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل ستمبر 2009 میں بلوچستان ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ اس دوران انہوں نے بلوچستان کی غیر آباد اراضی پر صدیوں سے آباد قبائل کے ملکیتی حقوق تسلیم کرنے سمیت متعدد اہم فیصلے کیے۔
انہوں نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) ایکٹ کی کئی شقوں کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ادارے کو غیر سرکاری ایجنسی قرار دیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے بعد میں اس فیصلے کو معطل کر دیا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل 2021 میں سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے قریبی حلقے سے وابستگی کے تاثر پر انہیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی رہا۔
وہ اس عدالتی بینچ کا حصہ تھے جس نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تھا۔
اسی طرح وہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے دور میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز کے اندر انتخابات کرانے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں بھی اختلافی مؤقف رکھنے والے ججوں میں شامل تھے۔
26ویں آئینی ترمیم کے بعد جسٹس مندوخیل کو آئینی بینچوں کا رکن نامزد کیا گیا، جبکہ وہ آئینی بینچوں کی تشکیل کرنے والی کمیٹی کا بھی حصہ رہے۔ بطور چیئرمین انرولمنٹ کمیٹی انہوں نے سیکڑوں وکلا کو سپریم کورٹ میں پریکٹس کے لائسنس جاری کیے۔
جوڈیشل کمیشن کے رکن کی حیثیت سے انہوں نے جسٹس سرفراز ڈوگر کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تقرری کی حمایت نہیں کی تھی۔
قانونی حلقوں میں جسٹس مندوخیل کے عدالتی فیصلوں اور انتظامی امور میں کردار پر مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ بعض وکلا کے مطابق انہوں نے انتظامی مفادات اور شہری حقوق کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کے بعض فیصلے عدلیہ کے اختیارات اور ساکھ کے حوالے سے بحث کا باعث بھی بنے۔