امریکی صدر ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا
سینیٹ کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر سفیر کا منصب سنبھال سکیں گی
امریکی صدر ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو امریکا کا نیا سفیر نامزد کردیا ہے۔ ان کی نامزدگی منظوری کیلئے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے 9 نومبر کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیٹلی بیکر کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں امریکا کی سفیر مقرر کرنے کی نامزدگی سینیٹ کو بھیجی گئی ہے۔ تاہم وہ سینیٹ کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر سفیر کا منصب سنبھال سکیں گی
نیٹلی بیکر جنوری 2025 سے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں ناظم الامور کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی نائب سربراہِ مشن بھی رہ چکی ہیں۔
انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے گریجویشن جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے عوامی پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ امریکا کے نیشنل وار کالج کی 2017 کی گریجویٹ بھی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق صدر ٹرمپ نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینیگال اور ایان میک کیری کو مالی میں بھی امریکی سفیر نامزد کیا ہے