تربیلا ڈیم حادثے کے بعد پانچویں توسیعی منصوبے کی لاگت 200 ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ
مرکزی ڈھانچہ مکمل محفوظ ہے، واپڈا نے محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا، وزارت آبی وسائل نے رپورٹ طلب کرلی۔
تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی منصوبہ جہاں پانی داخل ہونے کے بعد تعمیراتی کام اور مالیاتی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کے دوران پانی داخل ہونے کے واقعے نے تعمیراتی سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے بعد اس منصوبے کی مجموعی لاگت 200 ارب روپے سے زائد ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے منصوبے کے ان ٹیک سٹرکچر، سرنگ، پاور ہاؤس اور دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر واپڈا کنسلٹنٹس، ٹھیکیدار اور پراجیکٹ مینجمنٹ ٹیم نے انہیں واقعے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے یا اس کے کسی بھی اہم حصے کی مضبوطی اور سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے، جبکہ واقعے میں کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔ وزیر آبی وسائل اور وزیراعظم آفس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹس طلب کی ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے والی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 82 ارب 36 کروڑ روپے تھی، تاہم جنوری 2026 تک اس منصوبے پر 153 ارب 95 کروڑ روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس طرح منصوبے پر ابتدائی منظور شدہ لاگت سے 71 ارب 59 کروڑ روپے زائد خرچ ہو چکے ہیں۔ دستاویزات سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس منصوبے کا تعمیراتی کام اگست 2021 میں شروع ہوا تھا جبکہ تکمیل کی تاریخ مئی 2027 مقرر کی گئی تھی۔ اس منصوبے کے تحت 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 3 یونٹ نصب کیے جانے ہیں۔
واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ سرنگ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی منصوبے میں داخل ہوا۔ تاخیر کے باعث اس سے قبل جون 2024 میں سابقہ مشاورتی کمپنی کا معاہدہ ختم کر دیا گیا تھا اور باقی ماندہ کام کی نگرانی کے لیے نئی مشاورتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تعمیراتی معیار اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ حادثہ قدرتی تھا یا تعمیراتی خامیوں کا نتیجہ۔