خلیج تعاون کونسل کا کویت میں جدید مشترکہ فوجی کمانڈ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

مقصد خلیجی رکن ممالک کی دفاعی تیاری اور مشترکہ فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے،جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدوائی

November 10, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کویت: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے دفاع نے کویت میں ایک جدید مشترکہ فوجی کمانڈ سینٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد خلیجی رکن ممالک کی دفاعی تیاری اور مشترکہ فوجی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدوائی نے اس اہم فیصلے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس نئے مشترکہ فوجی کمانڈ سینٹر کے موثر قیام اور فعالیت کے لیے مناسب فوجی دستے بھی تعینات کیے جائیں گے۔

سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں زور دیا کہ جی سی سی ممالک کی مسلح افواج خطے کے مشترکہ دفاع اور تمام رکن ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کی یکساں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا کمانڈ سینٹر خطے میں دفاعی ہم آہنگی اور بحرانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

جی سی سی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ ایرانی حملوں کے خلاف خلیجی ممالک کی جانب سے پیش کیا جانے والا فوجی تعاون اور اعلیٰ سطح کی رابطہ کاری قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہری علاقوں اور حساس اہم تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی۔

واضح رہے کہ 1981 میں قائم ہونے والی خلیج تعاون کونسل (GCC) چھ عرب ممالک پر مشتمل ہے جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان شامل ہیں۔