کینیڈا نے 11 ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں

نیشنل ایرانی آئل کمپنی، بینک ملی اور بینک ملت سمیت متعدد اداروں پر ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں کو آگے بڑھانے میں مدد دینے کا الزام

November 10, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اوٹاوہ: کینیڈا نے ایک بار پھر ایران کے توانائی اور بینکاری کے شعبوں سے وابستہ 11 ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں ۔

ان کمپنیوں پر سے 2016 میں جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) کے تحت پابندیوں اٹھائی گئی تھیں۔

بی بی سی کے مطابق کینیڈا نے نیشنل ایرانی آئل کمپنی، بینک ملی اور بینک ملت سمیت متعدد اداروں پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں کو آگے بڑھانے میں مدد دی۔

کینیڈا کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان پابندیوں کو دوبارہ نافذ کرنے کا مقصد ان ’ایرانی مالیاتی نیٹ ورکس‘ میں خلل ڈالنا ہے جنھیں ’جوہری پروگرام کی معاونت‘ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ جے سی پی او اے جوہری معاہدے پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت کے پیشِ نظر یہ پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں، تاہم اس کے بعد سے ’بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون میں ایران کی بار بار ناکامیوں نے اس کے جوہری پروگرام کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔‘

کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ 2015 کے جے سی پی او اے معاہدے کے عملی طور پر ختم ہو جانے کے بعد بھی کینیڈا اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایران کے ساتھ ایک پائیدار جوہری معاہدے تک پہنچنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انھوں نے زور دے کر کہا کہ کینیڈا کا مؤقف واضح ہے: ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔