جمہوریہ کانگو: بزدلی اور بغاوت کے الزام میں 66 فوجیوں کو سزائے موت

ایک فوجی کو 10 سال قید کی سزا سنائی ، 4 فوجیوں کو الزامات سے بری کر دیا گیا

November 10, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کنشاسا : جمہوریہ کانگو کی ایک فوجی عدالت نے بزدلی، بغاوت اور احکامات سے عدولی کے سنگین الزامات ثابت ہونے پر 66 فوجیوں کو سزائے موت کا حکم سنا دیا ۔

تفصیلات کے مطابق صوبے شمالی کیوو کے علاقے والیکالے میں قائم فوجی عدالت کے سامنے کل 71 فوجیوں کا مقدمہ چلایا گیا۔ سماعت کے بعد عدالت نے 66 فوجیوں کو سزائے موت، ایک فوجی کو 10 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ 4 فوجیوں کو الزامات سے بری کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق ان فوجیوں کو 20 اکتوبر کو والیکالے کے مقام پر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب انہوں نے ایم 23 گروپ سمیت دیگر باغیوں کے اتحاد ‘فرنٹ فار دی ری فاؤنڈیشن آف دی نیشن’ (ایف آر این) کے خلاف جھڑپوں کے دوران اپنی پوزیشنیں چھوڑ دیں اور فرار ہو گئے تھے۔

فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس مقدمے اور سخت سزاؤں کا مقصد ملک کے مشرقی حصوں میں مسلح گروہوں کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران فوجیوں کے اندر نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔ واضح رہے کہ یہ خطہ کئی دہائیوں سے حکومتی افواج اور مختلف باغی گروہوں کے درمیان شدید تنازعات اور لڑائی کی زد میں ہے۔