افغانستان کرکٹ کو ایک اور دھچکا، اسکاٹ لینڈ کا دوطرفہ سیریز کھیلنے سے انکار
افغانستان کے ساتھ صرف آئی سی سی کے زیر اہتمام ہونے والے مقابلوں میں شرکت کی جائے گی، جبکہ دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی جائیں گی۔کرکٹ اسکاٹ لینڈ
افغانستان کرکٹ کو ایک اور دھچکا، اسکاٹ لینڈ کا دوطرفہ سیریز کھیلنے سے انکار
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق افغانستان کے ساتھ صرف آئی سی سی کے زیر اہتمام ہونے والے مقابلوں میں شرکت کی جائے گی، جبکہ دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی جائیں گی۔
اس فیصلے کی بنیادی وجہ طالبان حکومت کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کے حقوق پر عائد پابندیاں بتائی گئی ہیں۔ طالبان دور حکومت میں لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم اور خواتین کی ملازمتوں پر پابندیاں عائد ہیں، جبکہ خواتین کی کھیلوں میں شرکت کے مواقع بھی محدود ہوچکے ہیں۔
افغانستان کی خواتین کرکٹ ٹیم بھی ان پابندیوں سے متاثر ہوئی ہے اور کئی کھلاڑی ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئیں۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کا مؤقف ہے کہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور کھیلوں کے مواقع سے محروم رکھنے کی پالیسیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
اس سے قبل آسٹریلیا بھی افغانستان کے خلاف دوطرفہ کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کرچکا ہے۔ اس فیصلے کے بعد افغان مرد کرکٹ ٹیم کو بھی طالبان حکومت کی پالیسیوں کے باعث بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔