پمز انتظامیہ نے عمران خان کے علاج کی تفصیلات جاری کردیں

عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور آنکھوں کا جائزہ لیا۔

November 11, 2026 · قومی
پمز انتظامیہ نے عمران خان کے علاج کی تفصیلات جاری کردیں

پمز انتظامیہ نے عمران خان کے علاج کی تفصیلات جاری کردیں

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے اور علاج کے بعد انہیں دوبارہ جیل پہنچا دیا گیا۔

پمز انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور آنکھوں کا جائزہ لیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ان کے تمام اہم طبی اشاریے معمول کے مطابق تھے اور عمومی جسمانی حالت بھی مستحکم رہی۔ ماہرینِ چشم کی ٹیم نے طبی رضامندی اور ضروری احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا۔

پمز انتظامیہ کے مطابق انجیکشن لگانے سے پہلے، دورانِ عمل اور بعد میں عمران خان کی طبی حالت مستحکم رہی۔ علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں رات تقریباً ڈھائی بجے اسپتال سے فارغ کردیا گیا، جبکہ مزید علاج اور آئندہ معائنے کے لیے ضروری طبی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

جیل ذرائع کے مطابق اسپتال منتقلی اور واپسی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔