لاہور:اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچانے والا نوجوان گرفتار،تاوان کا مطالبہ کرتا رہا
ملزم نے اہل خانہ کو خوفزدہ کرنے کے لیے اپنے زخمی ہونے کی جعلی تصاویر بھی بھیجیں۔
لاہور:اپنے ہی اغوا کا ڈرامہ رچانے والا نوجوان گرفتار،تاوان کا مطالبہ کرتا رہا
پولیس کے مطابق نوجوان نے اپنے اغوا کا جھوٹا ڈرامہ رچایا اور گھر والوں سے فون کے ذریعے تاوان کی مد میں رقم طلب کرتا رہا۔ ملزم نے اہل خانہ کو خوفزدہ کرنے کے لیے اپنے زخمی ہونے کی جعلی تصاویر بھی بھیجیں۔
واقعے کا نوٹس ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن علی اختر کے مطابق ملزم کو سی سی ٹی وی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے جرائم پیشہ عناصر سے سختی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔