ٹرمپ کے 10 ارب ڈالر ہرجانے کے مقدمے میں بی بی سی کو بڑا دھچکا،عدالت نے درخواست مسترد کردی
ٹرمپ نے بی بی سی کے خلاف یہ مقدمہ ایک دستاویزی پروگرام میں ان کی تقریر کی تدوین کے معاملے پر دائر کیا تھا
ٹرمپ کے 10 ارب ڈالر ہرجانے کے مقدمے میں بی بی سی کو بڑا دھچکا،عدالت نے درخواست مسترد کردی
فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف دائر 10 ارب ڈالر کے ہتکِ عزت مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ امریکی وفاقی عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کی بی بی سی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مزید کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی جج جیفری کنٹز نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ٹرمپ کی جانب سے ہتکِ عزت سے متعلق پیش کیے گئے الزامات ابتدائی مرحلے پر مقدمے کو آگے بڑھانے کے لیے کافی ہیں۔ تاہم عدالت نے فلوریڈا کے غیر منصفانہ تجارتی طریقوں سے متعلق قانون کے تحت ٹرمپ کا ایک الگ دعویٰ مسترد کردیا۔
ٹرمپ نے بی بی سی کے خلاف یہ مقدمہ ایک دستاویزی پروگرام میں ان کی تقریر کی تدوین کے معاملے پر دائر کیا تھا۔ پروگرام میں 6 جنوری 2021 کو امریکی کیپیٹل ہل پر حملے سے قبل کی گئی تقریر کے دو مختلف حصوں کو جوڑ کر نشر کیا گیا تھا۔
ٹرمپ کا الزام ہے کہ بی بی سی نے دانستہ طور پر تقریر کو اس انداز میں ترتیب دیا جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو براہ راست تشدد پر اکسایا تھا۔
بی بی سی اس معاملے پر پہلے ہی معذرت کرچکا ہے اور تسلیم کرچکا ہے کہ پروگرام کی تدوین سے یہ غلط تاثر پیدا ہوا کہ ٹرمپ نے تشدد کی براہ راست اپیل کی تھی۔
عدالت میں بی بی سی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ متنازع پروگرام ہتکِ عزت کے قانونی معیار پر پورا نہیں اترتا اور چونکہ یہ پروگرام امریکا میں نشر یا دستیاب نہیں تھا، اس لیے مقدمہ خارج کیا جانا چاہیے۔
تاہم جج جیفری کنٹز نے بی بی سی کا یہ مؤقف قبول نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ فیصلے کا مطلب صرف یہ ہے کہ مقدمہ مزید کارروائی کے قابل ہے۔ عدالت نے ابھی یہ طے نہیں کیا کہ ٹرمپ اپنے الزامات ثابت کر پائیں گے یا انہیں ہرجانہ ملنے کا حق حاصل ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر عدالتی فیصلے کو اپنی بڑی کامیابی قرار دیا، جبکہ بی بی سی کے ترجمان نے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ عدالتی اختیار کا احترام کرتا ہے اور قانونی کارروائی کے دوران اپنا دفاع جاری رکھے گا۔
مقدمے کے دوران ٹرمپ کے وکلا یہ بھی تسلیم کرچکے ہیں کہ ان کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ متنازع دستاویزی فلم امریکا میں بی بی سی کی مختلف خدمات کے ذریعے دستیاب تھی۔ بعد ازاں ٹرمپ نے بی بی سی کے تجارتی شعبے بی بی سی اسٹوڈیوز کو بھی مقدمے سے خارج کرنے پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔