کوہاٹ میں غیرقانونی مائننگ کے خلاف آپریشن پر جانے والی پولیس وین پر فائرنگ،ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید
دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پولیس پارٹی پر حملہ، ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ
کوہاٹ میں غیرقانونی مائننگ کے خلاف آپریشن پر جانے والی پولیس وین پر فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید
کوہاٹ: کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں غیرقانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والی پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقے دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات میں 6 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں شہدا کی تعداد 10 ہوگئی۔
پی آر او پولیس نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی مزید گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں، جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ جاری ہے اور پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کوہاٹ پولیس غیرقانونی گولڈ مائننگ کے خلاف چھاپہ مارنے گئی تھی، جبکہ پولیس کی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

پولیس پر حملے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔