مسن کالر کا منہدم پل تعمیر، 15 نومبر سے لاہور فیصل آباد ریلوے ٹریک بحال ہوگا
شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث متاثرہ ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ
مسن کالر کا منہدم پل تعمیر، 15 نومبر سے لاہور فیصل آباد ریلوے ٹریک بحال ہوگا
لاہور شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کے نتیجے میں لاہور اور فیصل آباد کے درمیان مسن کالر کے مقام پر منہدم ہونے والا پل تعمیر کر لیا گیا ہے، جس کے بعد 15 نومبر سے اس مقام پر ٹریفک بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت نجی شعبے میں چلنے والی شالیمار ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس دوبارہ اپنے پرانے روٹ لاہور، فیصل آباد اور خانیوال کے راستے چلنا شروع ہو جائیں گی۔ اس حوالے سے ریلوے حکام کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پل منہدم ہونے کے بعد سے مذکورہ ریلوے ٹریک مکمل طور پر بند تھا، جبکہ لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی کراچی اور شالیمار ایکسپریس عارضی بنیادوں پر لاہور، ساہیوال کے راستے چلائی جا رہی تھیں۔
ریلوے ترجمان کے مطابق نئے تعمیر شدہ پل سے ریلوے انجن گزار کر ٹرائل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اب اس سیکشن پر تمام ٹرینوں کی آمدورفت بحال کی جا رہی ہے۔
ریلوے عملے کو نئی ٹرین ٹائمنگ اور روٹ کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، جبکہ مسافروں کو بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ضروری معلومات کے لیے ریلوے حکام یا متعلقہ اسٹیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔