نواب شاہ: صدرِ مملکت کے قافلے میں خراب گاڑی کی شمولیت ،اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی قائم
کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ خراب اور سڑک پر چلنے کے قابل نہ ہونے والی گاڑی کو صدرِ مملکت کے قافلے میں ڈیوٹی کے لیے کس بنیاد پر شامل کیا گیا
فائل فوٹو
نواب شاہ : صدرِ مملکت کے قافلے میں خراب گاڑی کی شمولیت، آئی جی سندھ نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کردی، 7 روز میں رپورٹ طلب کر لی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دورہٴ ٹھٹھہ کے دوران صدارتی قافلے میں شامل سرکاری ٹویوٹا ریوو ڈبل کیبن نمبر SPF-961 میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے واقعے پر آئی جی سندھ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
آئی جی سندھ کے دفتر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی لاجسٹکس اینڈ ویلفیئر زبیر دریشک اور ڈی آئی جی فنانس تنویر عالم اوڈھو کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ خراب اور سڑک پر چلنے کے قابل نہ ہونے والی گاڑی کو صدرِ مملکت کے قافلے میں ڈیوٹی کے لیے کس بنیاد پر شامل کیا گیا اور گاڑی کے معائنے اور تعیناتی کے ذمہ دار افسران و اہلکار کون تھے۔
کمیٹی گاڑی کی تعیناتی کے وقت اس کی مکینیکل حالت، پہلے سے موجود تکنیکی نقائص، مرمت اور مینٹیننس کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے علاوہ سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے پیٹرول، ٹرانسپورٹ کی مرمت اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے مختص و استعمال کیے گئے فنڈز کی بھی جانچ کرے گی۔
انکوائری کمیٹی غفلت کے ذمے دار افسران و اہلکاروں کا تعین کرکے متعلقہ قواعد کے تحت محکمانہ کارروائی کی سفارش کرے گی، جبکہ مستقبل میں وی آئی پی اور وی وی آئی پی قافلوں میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تجاویز بھی پیش کرے گی۔
آئی جی سندھ نے کمیٹی کو سات روز کے اندر مکمل تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔