امریکا شرائط مانے ورنہ آبنائے ہرمز کا نظام تبدیل رہے گا، قالیباف

تہران جنگ جاری رکھنے کے بجائے امن کا خواہاں ہے، تاہم تنازع کے مستقل خاتمے کے لیے امریکا کو ایران کے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

November 12, 2026 · بام دنیا
امریکا شرائط مانے ورنہ آبنائے ہرمز کا نظام تبدیل رہے گا، قالیباف

امریکا شرائط مانے ورنہ آبنائے ہرمز کا نظام تبدیل رہے گا، قالیباف

ایران نے امریکا کے سامنے جنگ کے خاتمے کے لیے 7 مطالبات رکھ دیے ہیں اور واضح کیا ہے کہ ان شرائط کو تسلیم کیے بغیر آبنائے ہرمز میں جنگ سے پہلے والی بحری آمدورفت بحال نہیں کی جائے گی۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تہران جنگ جاری رکھنے کے بجائے امن کا خواہاں ہے، تاہم تنازع کے مستقل خاتمے کے لیے امریکا کو ایران کے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

قالیباف کے مطابق ایران نے اپنے مطالبات واشنگٹن تک واضح انداز میں پہنچا دیے ہیں اور اب امریکی حکومت کو ان تجاویز پر اپنا مؤقف پیش کرنا ہے۔

ایرانی اسپیکر نے بتایا کہ ایران کے سات مطالبات میں آبنائے ہرمز کے مستقبل سے متعلق نئی شرائط بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے پہلے اس اہم بحری گزرگاہ میں رائج نظام اب اسی صورت میں بحال نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے نئے طریقہ کار کا تعین ایران اور عمان باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے کریں گے، جس کے لیے نئی شرائط پر مذاکرات کیے جائیں گے۔

باقر قالیباف نے مجوزہ مفاہمتی یادداشت کی ایک اہم شق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں مزاحمتی محاذ کے خلاف جنگ کے خاتمے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے دوبارہ ایران کے خلاف جنگ شروع کی تو تہران دونوں کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور مزاحمتی قوتیں ایک ہی محاذ کا حصہ ہیں اور ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا کہ جنگ جاری رہنے کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے خطے کی سلامتی اور معیشت متاثر ہوگی۔ ان کے مطابق علاقائی ممالک بھی اس کشیدگی کے منفی نتائج سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔

قالیباف کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کو محض جنگ بندی تک محدود رکھنے کے بجائے آبنائے ہرمز کے انتظام، بحری آمدورفت کے نئے نظام اور مزاحمتی محاذ کے خلاف کارروائیوں کے خاتمے کو بھی مذاکرات کا حصہ بنانا چاہتا ہے۔