جعلی ڈگری کے الزام پر انڈونیشیا کے نائب صدر نے استعفیٰ دے دیا

گیبران نے سنگاپور اور آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کی تھی اور اپنی تعلیمی قابلیت ثابت کرنے کے لیے انڈونیشیا میں مساوی سرٹیفکیٹ استعمال کیا تھا

November 12, 2026 · بام دنیا
جعلی ڈگری کے الزام پر انڈونیشیا کے نائب صدر نے استعفیٰ دے دیا

جعلی ڈگری کے الزام پر انڈونیشیا کے نائب صدر نے استعفیٰ دے دیا

انڈونیشیا کے نائب صدر گیبران راکابومنگ راکا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے ایک معاون نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ استعفے کا خط بدھ کے روز صدر پروبوو سوبیانتو کو پیش کیا گیا، تاہم تاحال یہ واضح نہیں کہ صدر نے استعفیٰ منظور کیا ہے یا نہیں۔

نائب صدر کا استعفیٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ان کی تعلیمی اسناد سے متعلق عدالتی فیصلے نے ملک میں سیاسی ہلچل پیدا کر رکھی ہے۔ انڈونیشیا کی سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں گیبران کی جانب سے پیش کیا گیا ہائی اسکول کی تعلیم کا مساوی سرٹیفکیٹ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے قابل قبول ثابت نہیں ہوا۔

عدالت کے مطابق ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ثابت ہو کہ گیبران کے پاس بیرون ملک سے حاصل کردہ ایسی ڈگری یا سند موجود تھی جسے انڈونیشیا کی ہائی اسکول کی تعلیم کے مساوی تسلیم کیا جا سکے۔

اس فیصلے کے بعد 100 سے زائد قانون سازوں نے پارلیمان میں ایک اقدام کی حمایت کی، جس کے نتیجے میں نائب صدر کے مواخذے کی کارروائی شروع ہونے کا راستہ ہموار ہو سکتا تھا۔

گیبران نے سنگاپور اور آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کی تھی اور اپنی تعلیمی قابلیت ثابت کرنے کے لیے انڈونیشیا میں مساوی سرٹیفکیٹ استعمال کیا تھا۔ ان کا مؤقف رہا ہے کہ یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔

سرکاری سیکریٹری پراسیتیو ہادی کے مطابق گیبران نے منگل کو عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے اور اپنی تعلیمی اسناد کی قانونی حیثیت ثابت کرنے کے لیے موقع دینے کی درخواست بھی کی تھی۔

گیبران کی نائب صدر کے عہدے تک رسائی 2024 کے انتخابات سے قبل صدر پروبوو اور سابق صدر جوکو ویدودو کے درمیان سیاسی اتحاد کے نتیجے میں ممکن ہوئی تھی۔ اس وقت گیبران کی عمر 36 برس تھی اور آئینی عدالت کے ایک متنازع فیصلے کے بعد انہیں 40 سال کی کم از کم عمر کی شرط سے استثنا دے کر صدارتی امیدوار بننے کا اہل قرار دیا گیا تھا۔

حالیہ مہینوں میں صدر پروبوو اور سابق صدر جوکو ویدودو کے درمیان اختلافات بھی بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پروبوو نے سابق صدر کے اہم منصوبے، نئے دارالحکومت نوسانتارا کی تعمیر کو ترجیح دینے کے بجائے ملک بھر میں مفت کھانا فراہم کرنے کے پروگرام پر زیادہ توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

حکومتی عہدوں میں تبدیلیوں کے دوران سابق صدر کے کئی قریبی ساتھیوں کو بھی اہم ذمہ داریوں سے ہٹایا گیا۔ گزشتہ ہفتے صدارتی چیف آف اسٹاف لیستیو سیگیت پروبوو کو صدر کی جاسوسی کے شبہے میں گرفتار کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی، جس کے بعد صدر نے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا۔ لیستیو سابق قومی پولیس سربراہ اور جوکو ویدودو کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں۔

دوسری جانب پروبوو کی کابینہ کے تین ارکان نے پیر کو جوکو ویدودو کے چھوٹے بیٹے کی قیادت میں قائم جماعت سے علیحدگی اختیار کر لی اور حکومتی ذمہ داریوں پر توجہ دینے کا اعلان کیا۔

انڈونیشیا کی حکومت کو اس وقت کئی دیگر چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ مفت کھانے کا پروگرام مالی مشکلات سے دوچار ہے، ملک کے بعض علاقوں میں گزشتہ ایک دہائی کی بدترین جنگلاتی آگ لگی، جبکہ حصص بازار میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کے باعث بحران کی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔ منگل کو طلبہ نے بھی ماحولیاتی مسائل، بدعنوانی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر مظاہرے کیے۔