اینویڈیا سربراہ کا ایک اور معاشقہ پکڑا گیا، کمپنی قیادت سے ہٹانے کی تیاری

جینسن ہوانگ کے چینی جاسوس کے علاوہ کمپنی کی ملازمہ سے بھی تعلقات تھے، نیویارک ٹائمز کا انکشاف

November 12, 2026 · بام دنیا
اینویڈیا سربراہ کا ایک اور معاشقہ پکڑا گیا، کمپنی قیادت سے ہٹانے کی تیاری

اینویڈیا سربراہ کا ایک اور معاشقہ پکڑا گیا، کمپنی قیادت سے ہٹانے کی تیاری

دنیا کی معروف چپ ساز کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلہ متوقع ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز بدھ کی رات اجلاس کر رہا ہے، جس میں ہوانگ کو عہدے سے ہٹانے کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جینسن ہوانگ کی ذاتی زندگی سے متعلق سامنے آنے والی خبروں اور چین کے لیے امریکی ٹیکنالوجی کی مبینہ غیر قانونی ترسیل کے معاملے نے کمپنی کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق کمپنی کے بورڈ میں 11 ڈائریکٹرز شامل ہیں اور قواعد کے تحت اکثریتی ووٹ سے جینسن ہوانگ کو چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے برطرف کیا جا سکتا ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اجلاس کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے بعد کہ این ویڈیا ہوانگ کو برطرف کرنے کی تیاری کر رہی ہے، کمپنی کے حصص کی قیمت میں کاروباری اوقات کے بعد 8 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس ممکنہ گراوٹ کے نتیجے میں کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 600 ارب ڈالر کی کمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

معاملے کی ابتدا جینسن ہوانگ کے ایک کاروباری خاتون ایلس ہوانگ سے مبینہ تعلقات اور ان کے چین کے لیے این ویڈیا کی چپس کی ترسیل میں کردار سے متعلق اطلاعات کے بعد ہوئی۔ امریکی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔

بلومبرگ کے مطابق این ویڈیا کا بورڈ جینسن ہوانگ کے ممکنہ متبادل کی تلاش کے لیے ایک بیرونی ادارے کی خدمات بھی حاصل کر چکا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کمپنی کی مالیاتی سربراہ کولیٹ کریس عبوری چیف ایگزیکٹو کے لیے ممکنہ امیدوار ہو سکتی ہیں، جبکہ طویل مدت میں کمپنی کی ٹیکنالوجی حکمت عملی کی قیادت اہم سوال ہوگی۔

دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ہوانگ کے ایک کمپنی عہدیدار کے ساتھ بھی ازدواجی تعلقات سے باہر تعلقات رہے ہیں۔ رپورٹ میں پانچ سابق یا موجودہ ملازمین کے حوالے سے این ویڈیا کی نائب صدر کمبرلی پاول کا نام لیا گیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق اس خبر کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ این ویڈیا اور متعلقہ عہدیدار کی جانب سے فوری ردعمل بھی سامنے نہیں آیا۔

جینسن ہوانگ نے اس سے قبل ملازمین کے نام خط میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی مکمل ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم انہوں نے تعلقات کی تفصیلات بیان نہیں کی تھیں۔

امریکی قانون سازوں نے بھی معاملے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور ہوانگ سے بند کمرے میں بریفنگ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان الزامات پر ہوانگ کے ساتھ گفتگو نہ ہونے کا بتایا، تاہم ان کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

جینسن ہوانگ کی ممکنہ علیحدگی این ویڈیا کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصے میں کمپنی کو تقریباً 4 ہزار ارب ڈالر مالیت کے عالمی ٹیکنالوجی ادارے میں تبدیل کیا ہے۔ کمپنی میں ان کا تقریباً 3.6 فیصد حصہ بھی ہے اور ان کا کوئی واضح جانشین سامنے نہیں آیا۔

این ویڈیا کے لیے ایک اور اہم مرحلہ 17 نومبر کو آئے گا، جب کمپنی اپنی سہ ماہی مالیاتی کارکردگی اور مستقبل کے کاروباری منصوبوں کی تفصیلات جاری کرے گی۔