غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں سرجن اور فٹبالر سمیت 5افراد شہید
جنگ بندی معاہدے کے باوجود جارحیت، نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تلخ کلامی
غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں سرجن اور فٹبالر سمیت 5افراد شہید
امریکا کی ثالثی میں اکتوبر 2025 میں طے پائے گئے جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور غزہ کے ناصر ہسپتال پر کیے گئے فضائی حملے میں ایک سرجن سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے ترجمان محمود باسل کے مطابق اسرائیلی فوج نے ناصر ہسپتال کے شعبہ سرجری کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ طبی عملے نے ہسپتال میں شہید ہونے والے سرجن کی شناخت رزق ابو شعیرہ کے نام سے کی ہے، جبکہ اس حملے پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب ایک اور واقعے میں غزہ اسپورٹس کلب کے 20 سالہ فٹبالر محمود عبدالمالک بھی اسرائیلی فضائی حملے میں جام شہادت نوش کرگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان فٹبالر چند روز قبل ہی ایک ایسے ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے تھے جو اکتوبر 2023 سے اب تک جاں بحق ہونے والے 1000 سے زائد فلسطینی کھلاڑیوں کی یاد میں منعقد کیا گیا تھا، اور انہوں نے اپنی ٹیم کو دوسری پوزیشن دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا بتانا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1600 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے بعد بڑے پیمانے پر لڑائی تو رک گئی تھی مگر حملے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دریں اثنا برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز اور اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ ایران کے معاملے پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ایک فون کال کے دوران صورتحال اس قدر کشیدہ ہو گئی کہ ان میں شدید تلخ کلامی اور چیخ و پکار تک نوبت آگئی، جہاں نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔