80 سال بعد لاپتا امریکی فضائی اہلکاروں کی باقیات چین نے امریکہ کے حوالے کر دیں
یہ باقیات جنوب مغربی چین کے ایک گلیشیئر سے ملی تھیں۔ امریکی حکام اب ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ، تاریخی شواہد اور فوجی ریکارڈ کا جائزہ لیں گے
80 سال بعد لاپتا امریکی فضائی اہلکاروں کی باقیات چین نے امریکہ کے حوالے کر دیں
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ باقیات جنوب مغربی چین کے ایک گلیشیئر سے ملی تھیں۔ امریکی حکام اب ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ، تاریخی شواہد اور فوجی ریکارڈ کا جائزہ لیں گے۔ شناخت کی تصدیق کے بعد متعلقہ اہلکاروں کے اہلِ خانہ کو باضابطہ طور پر مطلع کیا جائے گا۔
باقیات کی حوالگی کے لیے چین کے شہر چینگ ڈو میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جہاں چینی اعزازی محافظ ایک صندوق لے کر آئے۔ امریکی اعزازی دستے نے اسے وصول کیا اور امریکی پرچم میں لپیٹ دیا۔ صندوق میں ہڈیوں کے آٹھ ٹکڑے موجود تھے، جو سطح سمندر سے پانچ ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر واقع گلیشیئر سے برآمد ہوئے تھے۔
تقریب میں چینی عوامی آزادی فوج کے آرکائیوز کے ڈائریکٹر ہے جیانگ اور امریکی دفاعی ادارے ڈیفنس پی او ڈبلیو/ایم آئی اے اکاؤنٹنگ ایجنسی کے فرانزک ماہر کیپٹن کولن الیگزینڈر ایلیٹ نے باقیات کی منتقلی سے متعلق دستاویزات پر دستخط کیے۔
ہمپ روٹ کیا تھا؟
دوسری عالمی جنگ کے دوران 1942 میں جاپانی افواج کے برما پر قبضے کے بعد چین کا زمینی رابطہ بیرونی دنیا سے تقریباً منقطع ہوگیا تھا۔ اس صورتحال میں بھارت کی ریاست آسام سے چین کے شہر کنمنگ تک فضائی راستہ قائم کیا گیا، جسے ’ہمپ روٹ‘ کا نام دیا گیا۔
یہ راستہ اتحادی افواج کی جانب سے چین کو فوجی سازوسامان اور دیگر ضروری رسد پہنچانے کے لیے انتہائی اہم تھا، تاہم برف پوش پہاڑوں، گہری وادیوں، گلیشیئرز، شدید ہواؤں اور سخت سرد موسم کے باعث اسے دنیا کے خطرناک ترین فضائی راستوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
تخمینوں کے مطابق اس راستے پر ایک ہزار سے زائد چینی اور امریکی فضائی عملے کے ارکان جان سے گئے، جبکہ دشوار گزار علاقوں کے باعث متعدد لاشیں اور باقیات طویل عرصے تک لاپتا رہیں۔
باقیات کیسے دریافت ہوئیں؟
یہ انسانی باقیات چین کے صوبہ سیچوان کے جیان چھوان میوزیم کی جانب سے قائم کردہ ایک تلاش ٹیم کو تبت خودمختار علاقے کے شہر نینگچی کے گلیشیئرز میں ملیں۔
تلاش کرنے والی ٹیم نے گھنے جنگلات، تیز بہتے دریاؤں اور خطرناک برفانی علاقوں میں متعدد مہمات کیں، جن کے دوران انسانی باقیات دریافت ہوئیں۔ بعد ازاں انہیں لاپتا امریکی فضائی اہلکاروں سے منسوب کیا گیا۔
چین اور امریکہ کا مشترکہ تعاون
چین اور امریکہ 1970 کی دہائی سے دوسری عالمی جنگ کے دوران لاپتا ہونے والے امریکی فوجیوں کی تلاش کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔
جیان چھوان میوزیم کے سربراہ فان جیان چھوان کے مطابق یہ باقیات فسطائیت کے خلاف جنگ اور دونوں ملکوں کے عوام کی مشترکہ جدوجہد کی تاریخی یادگار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی فرانزک ماہر کولن ایلیٹ نے بھی کہا کہ یہ باقیات اس دور کی یاد دلاتی ہیں جب امریکی اور چینی عوام نے جارحیت کے خلاف مل کر جنگ لڑی تھی۔