اسلام آباد بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
انتخابی شیڈول معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
اسلام آباد بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات رکوانے سے متعلق درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، جبکہ انتخابی شیڈول معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے چوہدری امجد علی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل عادل عزیز قاضی نے مؤقف اختیار کیا کہ 2024 میں نئی حلقہ بندیاں کی گئیں اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہوا، تاہم 2026 میں نیا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس آنے سے انتخابی عمل اور حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت متاثر ہوئی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیا آرڈیننس کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے۔ ان کے مطابق آرڈیننس کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشنز کی تعداد ایک سے بڑھا کر تین کردی گئی، جبکہ پرانی حلقہ بندیوں کی بحالی کے بغیر انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے استفسار کیا کہ نئی حلقہ بندیاں کس قانونی حکم کے تحت کی گئیں؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ بعض وارڈز میں ووٹرز کی تعداد اتنی کم ہے کہ امیدوار، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی بنیادی شرائط پوری کرنا بھی ممکن نہیں۔
عدالت نے اس معاملے پر وکیل سے متعلقہ قانونی شق کی وضاحت طلب کی، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ بعد میں اس کا حوالہ پیش کردیں گے۔
درخواست گزار کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے تک امیدواروں کو ووٹر لسٹیں فراہم نہیں کی گئی تھیں، جس کے باعث شہریوں کو اپنے وارڈز کے بارے میں بھی مکمل معلومات نہیں تھیں۔ ان کے مطابق اسی وجہ سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد کم رہی اور بعد میں نامزدگیوں کی تاریخ میں بھی توسیع کرنا پڑی۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انتخابی عمل کو فوری طور پر روکا جائے، کیونکہ اگر شیڈول بعد میں معطل کیا گیا تو امیدواروں کے بھاری اخراجات ضائع ہوسکتے ہیں۔
اس پر جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی امیدوار انتخابات پر کروڑوں روپے خرچ کرتا ہے تو اس بنیاد پر عدالت کیا کرسکتی ہے؟ عدالت نے انتخابی عمل میں مبینہ قانونی بے ضابطگیوں سے متعلق دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابلِ سماعت ہونے اور شیڈول معطل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔