اڈیالہ میں ملاقات کا طویل دورانیہ معاملات پر پیش رفت کا اشارہ سمجھا جانے لگا

بانی پی ٹی آئی کو نجی ہسپتال منتقل کیے جانے کا امکان

November 12, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

 

مقدمے پر مشاورت کے لیے عدالتی حکم پر عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ہونے والی وکلا کی ملاقات نے سیاسی منظرنامے پر توجہ حاصل کرلی۔معاملات میں پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جانے لگا۔اس میں نجی ہسپتال منتقلی بھی شامل ہے۔

9 نومبر کو بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر اور سلمان صفدر کی ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور رسائی پر بات ہوئی۔۔190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران عدالت نے دو وکلا (بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ) کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔ سماعت چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے کی۔

عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سنائی گئی سزاؤں کو چیلنج کر رکھا ہے۔

سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اچانک ملاقات کرائی گئی تھی، جس کے دوران بشریٰ بی بی نے ان سے پوچھا کہ وہ گزشتہ 11 ماہ سے کہاں تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک پیشہ ور وکیل کے لیے ایسی صورتحال مشکل ہوتی ہے، کیونکہ اپنے مؤکلوں سے بروقت رابطہ اور قانونی ہدایات حاصل نہ ہونے سے وکیل اور مؤکل کے درمیان اعتماد کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کروا دی جائے گی۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر تھیں۔

عدالتی حکم پر بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے بدھ کو اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی۔ جیل ذرائع کے مطابق ملاقات دو گھنٹے سے زائد (تقریباً تین گھنٹے) جاری رہی اور کانفرنس روم میں کرائی گئی۔

دونوں وکلا نے عمران خان کے مقدمات، متفرق پٹیشنز اور بشریٰ بی بی کے قانونی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی۔ بشریٰ بی بی بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ جیل ذرائع نے بتایا کہ وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی بانی پی ٹی آئی سے بات کی۔

ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تین سے چار گھنٹے ملاقات ہوئی۔ اس میں عمران خان کی صحت اور مقدمات پر بات ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر اور آنکھ کا معاملہ ہے، تاہم ان کا ارادہ مضبوط تھا اور وہ مستعد نظر آئے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ کل ملاقات کی تفصیل لکھی جائے گی جو سب کے سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے 28ویں ترمیم پر بات ہونے کا اعتراف کیا لیکن اس پر مزید کچھ کہنے سے گریز کیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عدالت نے ملاقات ایک گھنٹے سے کم نہ ہونے کی ہدایت کی تھی، زیادہ ہونے پر کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ تمام معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے تقریباً تین گھنٹے ملاقات کی اجازت دی گئی۔ ملاقات شام چار بجے سے سات بجے تک جاری رہی۔ جیل حکام کی جانب سے غیر معمولی دورانیہ دیا گیا۔

طبی معائنہ اور ممکنہ ہسپتال منتقلی
منگل اور بدھ کی درمیانی شب عمران خان کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ ہوا۔ وہ ڈیڑھ گھنٹے ہسپتال میں رہے۔ آنے والے دنوں میں انہیں نجی ہسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ نجی ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے، تاہم کتنے دن کے لیے منتقل کیا جائے گا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

سیاسی منظرنامہ اور پس پردہ رابطے
سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ عمران خان کے جیل سے باہر ڈاکٹروں کے ذریعے طبی معائنے کی سہولت، اور اب وکلا کی طویل ملاقات کو اعتماد سازی کے عمل کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ عمران خان کی بہنوں کی رہائی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے معاملے میں بھی جلد پیش رفت ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات پس پردہ رابطوں کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ پہلی مرتبہ عمران خان کے اہل خانہ بھی براہ راست ان رابطوں میں شامل ہو گئے ہیں جس سے اگلے چند روز میں ممکنہ پیش رفت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ کچھ اطلاعات کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کو پیغام پہنچایا کہ نئے صوبوں کے قیام اور 28ویں ترمیم کی حمایت کی صورت میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے 24 اضلاع میں پی ٹی آئی کی حکومتیں آ سکتی ہیں، تاہم خیبر پختونخوا میں سہیل آفریدی کی بجائے اتفاق رائے سے نیا وزیراعلیٰ لایا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کی طرف سے اس تمام صورت حال کو سیاسی منظرنامے میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے معاملات میں ممکنہ پیش رفت کے اشارے مل رہے ہیں۔