خیبر میل ایکسپریس میں بم کی اطلاع جھوٹی نکلی،تلاشی کے بعد ٹرین روانہ
نامعلوم افراد نے فون کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ خیبر میل ایکسپریس کو تباہ کرنے کے لیے اس میں بم نصب کیا گیا ہے
خیبر میل ایکسپریس میں بم کی اطلاع جھوٹی نکلی،تلاشی کے بعد ٹرین روانہ
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے فون کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ خیبر میل ایکسپریس کو تباہ کرنے کے لیے اس میں بم نصب کیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ٹرین کو خانپور جنکشن پر روک لیا گیا، جہاں ریلوے پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر مسافروں کو بم کی اطلاع دیے بغیر ٹرین سے اتار کر ان کی موجودگی میں تلاشی لی گئی۔ مسافروں کو بم کی اطلاع کا علم بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کو دیکھ کر ہوا، تاہم صورتحال زیادہ خوف و ہراس کا باعث نہیں بنی۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بم کی اطلاع دینے کے لیے استعمال ہونے والا فون نمبر راولپنڈی کی ایک خاتون کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ حکام کی جانب سے جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ریلوے پولیس کے ترجمان نے شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ بم کی موجودگی سے متعلق جھوٹی اطلاعات دینے سے گریز کریں، کیونکہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ حرکت سے سیکیورٹی اداروں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔