سیاسی اختلاف کا جواب گرفتاریوں سے نہیں،سیاسی انداز میں دیا جائے، سینیٹر کامران مرتضیٰ
ان کی جماعت نے کوئی بگاڑ پیدا نہیں کیا بلکہ سیاسی معاملات پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے
سیاسی اختلاف کا جواب گرفتاریوں سے نہیں،سیاسی انداز میں دیا جائے، سینیٹر کامران مرتضیٰ
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات پر اختلاف کا جواب بھی سیاسی انداز میں دیا جانا چاہیے، لوگوں کو گرفتار کرنے، گھروں پر چھاپے مارنے اور کاروبار بند کرانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
اُمت ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے کوئی بگاڑ پیدا نہیں کیا بلکہ سیاسی معاملات پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ اختلاف کرنے والے ان کے مؤقف کو غلط قرار دے سکتے ہیں، لیکن اس کا جواب دلیل اور سیاسی مکالمے کے ذریعے دیا جانا چاہیے۔
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جیل میں ملاقات کے دوران اس معاملے پر بھی گفتگو ہوئی اور ترمیم کا مسودہ تیار ہونے کی بات سامنے آئی ہے، تاہم یہ مسودہ تاحال جے یو آئی کو نہیں دیا گیا۔
ایک طرف جے یو آئی ف بظاہر زیر عتاب ہے، اس کے رہنما اور کارکن گرفتار ہو رہے ہیں، دوسری طرف پی ٹی آئی کے ساتھ بظاہر نرمی برتی جا رہی ہے اور 28ویں ترمیم کی بازگشت ہے۔ جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے خیال میں آگے کیا ہونے والا ہے #KamranMurtaza #JUIF #PTI #PakPolitics pic.twitter.com/YbW4bvhqWO
— Daily Ummat (@ummatdigitalpk) November 12, 2026
ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ مسودہ ان جماعتوں کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے جن سے حمایت کی توقع ہو۔ ان کے مطابق ممکن ہے کہ موجودہ سیاسی سیٹ اپ میں اس ترمیم پر پیش رفت ممکن نہ ہو، جبکہ بعض جماعتوں کا مؤقف ہے کہ اس معاملے کو کسی اور وقت زیر غور لایا جائے۔
جے یو آئی رہنما نے پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے بتایا کہ اسلام آباد میں اب تک ان کی جماعت کے پانچ افراد گرفتار ہو چکے ہیں، جن میں اسلام آباد کے امیر اور نائب امیر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کارکنوں کے ریمانڈ کے معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد سے متعلق سوال پر کامران مرتضیٰ نے بتایا کہ کانفرنس کے لیے چار ممکنہ تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میزبانی کرنا چاہتی ہے، جبکہ آئندہ ہفتے اور اس کے بعد والے ہفتے کے منگل اور بدھ کے دنوں کی تاریخیں دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید تصدیق کی کہ جے یو آئی کے متعدد بینک اکاؤنٹس بھی بند ہیں، جن کی تعداد تقریباً چار سے پانچ ہے۔