روشم خان قتل کیس؛ شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر دو پولیس افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری
عدالت کا برہمی کا اظہار، ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ اور تفتیشی افسر کو بھی شوکاز نوٹس جاری
روشم خان قتل کیس؛ شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر دو پولیس افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ نے 16 سالہ روشم خان قتل کیس میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور ایس آئی او کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے دونوں پولیس افسران کے 50، 50 ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے، جبکہ ڈی آئی جی ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ، ایس آئی او اور تفتیشی افسر کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔
کیس کی سماعت شروع ہوئی تو کوئی بھی متعلقہ افسر عدالت میں موجود نہیں تھا، جبکہ پولیس کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب بھی جمع نہیں کرایا گیا تھا۔
اس موقع پر سابقہ تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا اور مؤقف اختیار کیا کہ انہیں تفتیش تبدیل ہونے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
عدالت نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ 17 نومبر کو دونوں پولیس افسران کی عدالت میں پیشی یقینی بنائی جائے۔