بانی پی ٹی آئی کے لیے کوئی ڈیل نہیں، رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں، طارق فضل چوہدری
سخت سیکیورٹی حصار، پمز اسپتال منتقلی، طبی معائنہ مکمل، واپسی جیل، حکومت کا دوٹوک موقف
بانی پی ٹی آئی کے لیے کوئی ڈیل نہیں، رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں، طارق فضل چوہدری
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی ڈھیل، جبکہ ان کی رہائی کا واحد راستہ صرف عدالتیں ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام معاملات عدالتوں کے ذریعے ہی حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تحریک انصاف کے رہنما سخت گیر مؤقف اپنائے ہوئے ہیں تو دوسری طرف حکومت سے رابطوں کی باتیں کی جا رہی ہیں، جو ان کے اپنے دعوؤں کے بالکل متضاد ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تردید کی کہ اس وقت حکومت کے ساتھ کسی قسم کے بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطے نہیں ہو رہے اور اس نوعیت کی تمام باتیں محض سیاسی خواہشات پر مبنی ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو طبی ماہر بننے کے بجائے اپنے اصل قانونی کام اور نکات پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کے علاج اور طبی سہولتوں سے کبھی غافل نہیں رہی، اور عدالت عظمیٰ کے حکم سے پہلے بھی انہیں 6 بار اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب پمز اسپتال ذرائع کے مطابق طبیعت ناساز ہونے پر بانی پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال لایا گیا جہاں خصوصی طبی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اسپتال میں بلڈ پریشر، بخار اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد انہیں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کے قیام کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔