امریکی وزیر دفاع کو فوجی قبرستان میں ہنسنے پر محافظ کی سخت تنبیہ
آرلنگٹن قومی قبرستان کا واقعہ، نظم و ضبط کی یاد دہانی، ترجمان کی وضاحت سامنے آگئی۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ آرلنگٹن قومی قبرستان میں موجود ہیں۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو یومِ سابق فوجی اہلکاران کے موقع پر آرلنگٹن قومی قبرستان میں نامعلوم فوجی کی یادگار پر ہنسنے اور غیر ضروری باتیں کرنے پر وہاں موجود فوجی پہرے دار کی جانب سے سخت تنبیہ کا سامنا کرنا پڑگیا۔ برطانوی اور امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جہاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ حکام جنگوں میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے آئے تھے۔
دستاویزات اور خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اپنی اہلیہ جینیفر، چیف آف اسٹاف رکی بوریہ اور دیگر اعلیٰ معاونین کے ہمراہ نامعلوم فوجی کی یادگار کے سامنے بنی سیڑھیوں پر تصاویر بنوا رہے تھے۔ اسی دوران گروپ کے بعض افراد کی جانب سے ہنسنے اور قہقہے بلند کرنے کی آوازیں سنائی دیں۔ اس پر وہاں پہرہ دینے والے فوجی اہلکار نے فوری طور پر گشت روک کر گروپ کی جانب رخ کیا اور بلند آواز میں تنبیہ کی کہ تمام افراد ہر وقت خاموشی اور احترام کا ماحول برقرار رکھیں۔
آرلنگٹن قومی قبرستان میں واقع نامعلوم فوجی کی یادگار امریکا کی مقدس ترین فوجی یادگاروں میں شمار ہوتی ہے جہاں نامعلوم امریکی فوجیوں کی تدفین کی گئی ہے۔ اس مقام پر 24 گھنٹے فوجی پہرہ ہوتا ہے اور قبرستان کے تقدس کے پیش نظر مکمل خاموشی اور احترام برقرار رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس واقعے پر امریکی وزارت دفاع کے ترجمان شان پارنیل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیر دفاع اور ان کا محکمہ ہمیشہ امریکی فوجیوں کی قربانیوں کا انتہائی احترام کرتے ہیں۔ ان کے بقول فوجی اہلکار نے صرف تمام افراد کو مناسب طور پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کی یاد دہانی کرائی تھی۔ دریں اثنا، پیٹ ہیگسیتھ کو حالیہ دنوں میں ایران جنگ کے معاملے پر مواخذے کی کارروائی کا بھی سامنا رہا ہے جس سے وہ بال بال بچ گئے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وزیر دفاع کا مواخذہ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور ایوان نے انہیں مکمل حمایت فراہم کی ہے۔