مائیکروسافٹ کی متعدد سروسز عالمی سطح پر متاثر،آؤٹ لک،ٹیمز اور کو پائلٹ صارفین کو مشکلات

کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں مسئلے کی وجوہات جاننے اور سروسز معمول پر لانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں

November 13, 2026 · بام دنیا
مائیکروسافٹ کی متعدد سروسز عالمی سطح پر متاثر،آؤٹ لک،ٹیمز اور کو پائلٹ صارفین کو مشکلات

مائیکروسافٹ کی متعدد سروسز عالمی سطح پر متاثر،آؤٹ لک،ٹیمز اور کو پائلٹ صارفین کو مشکلات

مائیکروسافٹ کی آؤٹ لک، ٹیمز اور کو پائلٹ سمیت متعدد آن لائن سروسز میں عالمی سطح پر خلل پیدا ہوگیا، جس کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک کے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کمپنی نے سروسز کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق جمعے کی صبح سے جاری اس تعطل نے دنیا کے مختلف خطوں میں صارفین کو متاثر کیا ہے، جبکہ کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں مسئلے کی وجوہات جاننے اور سروسز معمول پر لانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔

کمپنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ اس کے بنیادی انفراسٹرکچر پر غیر معمولی دباؤ ہے، تاہم متاثرہ سسٹمز کو دوبارہ فعال بنانے کی کوششوں میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور ان کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مائیکروسافٹ نے خبردار کیا ہے کہ بعض سروسز بحال ہونے کے بعد زیادہ دباؤ کے باعث دوبارہ متاثر ہوسکتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق تکنیکی ماہرین اس خرابی کو مستقل طور پر دور کرنے میں مصروف ہیں۔

سروسز کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق آؤٹ لک سے متعلق مسائل کی شکایات جمعرات کی شام تقریباً 6 بجے جی ایم ٹی پر بڑھ کر ایک لاکھ 38 ہزار 58 تک پہنچ گئی تھیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر امریکہ سے سامنے آنے والے یہ مسائل کسی ایک خطے تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کے صارفین کو متاثر کرسکتے ہیں۔

کمپنی کی تحقیقات کے مطابق سروسز میں تعطل کی بنیادی وجہ انٹرنیٹ ٹریفک میں غیر معمولی اضافہ نہیں بلکہ متعدد سرورز کا اچانک کام کرنا بند کردینا ہے۔

مائیکروسافٹ نے مزید بتایا کہ متاثرہ سرورز کا ایک بنیادی نظام غیر معمولی دباؤ کا شکار ہے، جس کے باعث سرورز صارفین کی درخواستوں کا جواب دینے میں ناکام ہو رہے ہیں اور مجموعی سروس کی صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔