بحرین میں امریکی فضائی ریڈار تباہ کرنے کا ایرانی دعویٰ
خلاف ورزیوں اور جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو اس کی فضائی و خلائی فورس ممکنہ تصادم کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
بحرین میں امریکی فضائی ریڈار تباہ کرنے کا ایرانی دعویٰ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں امریکی افواج کے زیر استعمال ابتدائی فضائی انتباہی ریڈار کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے جمعہ کی صبح جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی سرک میں آدھی رات کو ہونے والے امریکی فضائی حملے کے جواب میں کی گئی۔
بیان میں اس کارروائی کو امریکہ کے لیے انتباہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ واشنگٹن آبنائے ہرمز میں فضائی حملوں اور تیل کی مبینہ اسمگلنگ کا سلسلہ بند کرے۔ پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ خلاف ورزیوں اور جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو اس کی فضائی و خلائی فورس ممکنہ تصادم کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اس سے قبل ایرانی خبر رساں اداروں نے سرک میں فضائی حملے کی اطلاع دی تھی۔ پاسدارانِ انقلاب نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خلیج فارس کے ساحل سے دور ایک علاقے میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا۔
تاہم بحرین میں امریکی ریڈار کی تباہی سے متعلق ایرانی دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔