نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی رائے سے ہونا چاہیے، ملک احمد خان

مولانا فضل الرحمان کو ہمیشہ ایک جاندار مقرر کے طور پر دیکھا ہے، تاہم دہشت گردی جیسے حساس معاملے پر انہیں سوچ سمجھ کر مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔

November 13, 2026 · قومی
نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی رائے سے ہونا چاہیے، ملک احمد خان

نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی رائے سے ہونا چاہیے، ملک احمد خان

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو دہشت گردی کے معاملے پر محتاط گفتگو کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سوچنا چاہیے۔

لاہور ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو ہمیشہ ایک جاندار مقرر کے طور پر دیکھا ہے، تاہم دہشت گردی جیسے حساس معاملے پر انہیں سوچ سمجھ کر مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کا تعلق تعلیم سے ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ لوگ کتابوں کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔ حکومتیں اگر مطالعے کے رجحان کو فروغ دینا چاہتی ہیں تو کتابوں پر عائد ٹیکس کم کرنے چاہئیں۔

صوبوں کی تشکیل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 1973 کے آئین میں اختیارات کی اصل طاقت عوام کو قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اگر عوام کی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرایا جائے اور لوگ نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیں تو اس پر عمل ہونا چاہیے، بصورت دیگر عوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تشکیل کا معاملہ عوامی خواہشات اور وسائل کی بہتر تقسیم سے جڑا ہے۔ پاکستان کی ترقی سیاسی جدوجہد سے وابستہ ہے اور وسائل کی تقسیم کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سیاسی بحثوں کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کا وقت ہے، کیونکہ ملک کو دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے چوہدری سالک حسین سے اپنی بات چیت اور کرپشن سے متعلق ان کے بیان کا بھی ذکر کیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کی نظر بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت احکامات جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے دہشت گردی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جن عناصر کو خارجی کہا جا رہا ہے، ان کے اثرات اور سرگرمیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔