اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ

30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگیاں قبول نہیں کی جائیں گی

November 13, 2026 · قومی
اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے 31 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر کامیابی سے عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت اور ان کی تجاویز اہم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگیاں قبول نہیں کی جائیں گی۔

طلال چوہدری کے مطابق حکومت کا ہدف ہے کہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کر دیا جائے۔ اب تک شہر کے تقریباً 26 ہزار تاجروں کو اس نظام کا حصہ بنایا جا چکا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سڑکوں پر سامان فروخت کرنے والے چھوٹے دکانداروں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔