اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس 15 نومبر کو ہوگا
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار صدارت کریں گے، علاقائی اقتصادی انضمام اور روابط پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس 15 نومبر کو ہوگا
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس اہم اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس کے دوران تنظیم کی سرگرمیوں، مختلف پروگراموں اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان سال 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کا چیئرمین ہے، اور اس سربراہی کا بنیادی موضوع علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او مقرر کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کی صدارت کے دوران علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس کے علاوہ علاقائی شراکت داری، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے تمام ممکنہ کوششوں کو تیز کیا جائے گا تاکہ تنظیم کو معاشی اشتراک اور باہمی مکالمے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بنایا جا سکے۔
حکومتی دستاویزات اور پالیسی کے مطابق پاکستان کو خطے میں رابطوں کا مرکز اور تجارتی و لاجسٹک سپلائی چینز کا اہم محور بنانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ اور خطے کی مخفی معاشی صلاحیت سے مکمل استفادہ کرنے کے لیے عملی اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ رکن ممالک کے عوام کی زندگیوں میں باہمی تعاون کے مثبت ثمرات پہنچانا پاکستانی صدارت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔