خیبرپختونخوا کے 8 بالائی اضلاع موسم سرما میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث حساس قرار
ممکنہ ہنگامی صورتحال، پی ڈی ایم اے کا جامع حفاظتی منصوبہ تیار، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری۔
خیبرپختونخوا کے 8 بالائی اضلاع موسم سرما میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث حساس قرار
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبرپختونخوا کے 8 بالائی اضلاع کو رواں موسم سرما کے دوران ممکنہ شدید موسم کے پیش نظر حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اس بار موسم سرما میں بالائی اضلاع میں معمول سے زیادہ بارشوں اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق موسم سرما میں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارے کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے اور ایک جامع حفاظتی منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ برف باری اور بارشوں سے متاثرہ ہونے والے ممکنہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بروقت رسائی کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ موسم سرما کے پورے دورانیے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں بروقت امداد کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ضلعی انتظامی اداروں اور محکموں کو پہلے ہی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہم وقت تیار رہیں۔