سابق افغان مشیر پر حملے میں طالبان انٹیلی جنس ملوث ہے،ایرانی میڈیا کا دعویٰ

اہم انکشاف، حملہ آور کابل کے احکامات پر عمل پیرا تھا، سرحد پار دہشت گردی کا نیا واقعہ۔

November 14, 2026 · بام دنیا
سابق افغان مشیر پر حملے میں طالبان انٹیلی جنس ملوث ہے،ایرانی میڈیا کا دعویٰ

سابق افغان مشیر پر حملے میں طالبان انٹیلی جنس ملوث ہے،ایرانی میڈیا کا دعویٰ

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے شہر مشہد میں سابق افغان صدارتی مشیر احمد خان غوری پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں افغان طالبان انٹیلی جنس کے ملوث ہونے کے واضح شواہد سامنے آ گئے ہیں۔ معروف ایرانی جریدے ایراف کی رپورٹ کے مطابق، یکم نومبر کو احمد خان غوری کو نشانہ بنانے والا خودکش حملہ آور افغان طالبان کا انٹیلی جنس ایجنٹ نکلا ہے۔

دستاویز اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، حملہ آور کو اس کارروائی کے لیے کابل سے براہ راست احکامات موصول ہوئے تھے۔ طالبان انٹیلی جنس کے اس ایجنٹ نے بطور مہمان رسائی حاصل کر کے سابق افغان صدارتی مشیر کی رہائش گاہ میں خودکش دھماکہ کیا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی سرحد پار دہشت گردی کے ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں ایران میں موجود افغان سیاستدان معروف غلامی اور سابق افغان جنرل اکرم الدین سری کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تازہ واقعے کے بعد خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔