مائیکروسافٹ کی سروسز 24 گھنٹے کے تعطل کے بعد مکمل بحال
عالمی سطح پر خرابی، ٹیمز اور آؤٹ لک بحال، صارفین کو ریلیف مل گیا
مائیکروسافٹ کی سروسز 24 گھنٹے کے تعطل کے بعد مکمل بحال
آؤٹ لک اور کوپائلٹ سمیت مائیکروسافٹ کی تمام سروسز 24 گھنٹے کے طویل تعطل کے بعد مکمل طور پر بحال ہو گئی ہیں۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کمپنی کی مختلف آن لائن سروسز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کو کامیابی کے ساتھ دور کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیمز، آؤٹ لک، کوپائلٹ اور دیگر اہم ایپلی کیشنز نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ تمام متاثرہ سروسز کی بحالی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور اب دنیا بھر کے صارفین معمول کے مطابق ان تمام ڈیجیٹل ایپلیکیشنز کو استعمال کر سکتے ہیں۔ تکنیکی ماہرین نے دن رات کام کر کے اس خرابی پر قابو پایا۔
رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ کی سروسز میں یہ تعطل 24 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جس کے باعث دنیا بھر میں کاروباری اداروں، سرکاری محکموں اور دیگر اہم تنظیموں کے آن لائن رابطوں اور روزمرہ کی دفتری سرگرمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس غیر متوقع بندش کی وجہ سے خاص طور پر مائیکروسافٹ ٹیمز کے ذریعے ہونے والی ضروری آن لائن میٹنگز، آؤٹ لک کی ای میل سروس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی کوپائلٹ کے استعمال میں شدید رکاوٹیں پیدا ہوئی تھیں، جن کے ازالے کے بعد اب نظام معمول پر آ گیا ہے۔