رس گلہ سمجھ کر دیسی بم منہ میں ڈالنے سے شخص ہلاک،دو ملزمان گرفتار
شوہر نے جیسے ہی وہ چیز منہ میں ڈال کر چبائی تو زوردار دھماکا ہوگیا۔ دھماکے سے ان کا جبڑا پھٹ گیا اور چہرہ بری طرح متاثر ہوا،اہلیہ راجیندر
رس گلہ سمجھ کر دیسی بم منہ میں ڈالنے سے شخص ہلاک،دو ملزمان گرفتار
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع ڈنڈوری کے رہائشی راجیندر بروتیا اپنے گھر کے صحن میں اہلِ خانہ کے ساتھ آگ تاپ رہے تھے کہ اسی دوران ان کا پڑوسی رام بھگت سنگھ وہاں آیا۔ دونوں کے درمیان گفتگو اور ہنسی مذاق جاری تھا کہ رام بھگت نے راجیندر کو ایک چھوٹی گیند نما چیز دی اور اسے رس گلہ بتا کر چکھنے کو کہا۔
راجیندر کی اہلیہ سشیلا بائی کے مطابق ان کے شوہر نے جیسے ہی وہ چیز منہ میں ڈال کر چبائی تو زوردار دھماکا ہوگیا۔ دھماکے سے ان کا جبڑا پھٹ گیا اور چہرہ بری طرح متاثر ہوا۔ انہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق یہ چیز دراصل جنگلی سوروں کو مارنے کے لیے استعمال ہونے والا دیسی ساختہ دھماکا خیز آلہ تھا، جسے بعض علاقوں میں پگ بم بھی کہا جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ دوسرے گرفتار شخص کو یہ بم جنگل میں ملا تھا، جس نے بعد میں اسے رام بھگت کے حوالے کردیا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا اور دھماکا خیز مواد سے متعلق قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان اور راجیندر کے درمیان کسی پرانی دشمنی یا رنجش کے شواہد نہیں ملے۔ جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے باقیات اور دیگر نمونے جمع کرکے فرانزک جانچ کے لیے بھجوائے جا رہے ہیں تاکہ بم میں استعمال ہونے والے مواد اور اس کے جنگل تک پہنچنے کے ذرائع کا پتا چلایا جاسکے۔