نئے صوبے بنانا غیر آئینی نہیں، کراچی کو اختیارات ملے تو معیشت سنور جائے گی، مصطفیٰ کمال
اہم تقریب سے خطاب، چھوٹے صوبے بنانا ناگزیر ہے، نرسنگ کے شعبے میں اصلاحات کی گئی ہیں۔
نئے صوبے بنانا غیر آئینی نہیں، کراچی کو اختیارات ملے تو معیشت سنور جائے گی، مصطفیٰ کمال
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانا کوئی غیر آئینی یا غیر قانونی بات نہیں ہے اور کراچی کو جب مکمل اختیارات ملیں گے تو یہ شہر پورے ملک کی ترقی کا ضامن بنے گا۔ کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے ریجنل آفس سندھ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومتوں نے 17 سال کے طویل عرصے میں نچلی سطح تک فنڈز کی منتقلی نہیں کی، اس لیے اب نئے چھوٹے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے اور اس اقدام سے پورا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
مصطفیٰ کمال نے معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ یہ شہر پاکستان کو معاشی بحران کے دلدل سے باآسانی نکال سکتا ہے۔ آبادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے انتباہ کیا کہ 2030 تک پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا اور حکومت اتنی بڑی آبادی کو سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں حکومتیں شہریوں کو ہنر مند بناتی ہیں تاکہ وہ اپنی ذاتی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 32 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر ملک میں بھیجتے ہیں، اور اگر خدانخواستہ یہ ترسیلات آنا بند ہو جائیں تو ملک کی معیشت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔ انہوں نے اپنے ماضی کے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں جتنا کام کیا ہے وہ گزشتہ 50 سال کے مجموعی کاموں سے کہیں زیادہ ہے، تاہم ملک میں ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت باقی ہے۔
صحت کے شعبے پر گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ اس وقت ملک میں 9 لاکھ نرسز کی شدید کمی پائی جاتی ہے، جبکہ بیرون ملک ہنر مند نرسز کو انتہائی پرکشش تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ماضی میں کچھ عناصر نے نرسنگ کالجز کو منافع بخش کاروبار بنا رکھا تھا، لیکن موجودہ حکومت نے اس دھندے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قانون میں ضروری تبدیلیاں کیں۔ سندھ میں نئے ریجنل آفس کے قیام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے الائیڈ ہیلتھ سروسز سے وابستہ لاکھوں افراد کی اسلام آباد تک کی مسافت اور مشکلات کا ازالہ ہو گیا ہے، اور اب صوبے کے اس مرکزی دفتر میں تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے شہریوں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔