ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا پر سینڈ پیپر اسکینڈل میں پردہ پوشی کا الزام

سابق اوپنر کا سنگین انکشاف، تحقیقات میں فاسٹ بولرز سے پوچھ گچھ نہیں کی گئی، ترجمان کا مؤقف سامنے آگیا

November 14, 2026 · اسپورٹس
ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا پر سینڈ پیپر اسکینڈل میں پردہ پوشی کا الزام

ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا پر سینڈ پیپر اسکینڈل میں پردہ پوشی کا الزام

آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے سال 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات پر کرکٹ آسٹریلیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ادارے پر سنگین نوعیت کی پردہ پوشی کا الزام عائد کردیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات کے دوران فاسٹ بولرز جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور نیتھن لائن کے انٹرویوز تک نہیں کیے گئے تھے۔

دستاویزات اور بیانات کے مطابق سابق اوپنر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر یہ بات درست ہے تو پھر یہ مؤقف کیسے اختیار کیا جاسکتا ہے کہ بولرز کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے کا بالکل علم نہیں تھا؟ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تحقیقات کے آغاز ہی میں چند مخصوص کھلاڑیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا اور آج بھی حقائق کے برعکس وہی پرانا مؤقف برقرار رکھا جارہا ہے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو اس وقت اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا گیا تھا اور گزشتہ 8 برس کے دوران بھی نئے شواہد سامنے لانے کی گنجائش موجود رہی ہے، تاہم ترجمان کی جانب سے تینوں بولرز کے انٹرویوز نہ کیے جانے سے متعلق کوئی براہ راست جواب نہیں دیا گیا۔

یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب موجودہ کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی۔ ڈیوڈ وارنر نے کپتان پیٹ کمنز کے اس بیان پر بھی شدید ناراضی کا اظہار کیا اور عثمان خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کتاب میں بیان کردہ تمام حقائق کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

ادھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے اس معاملے پر جاری تحقیقات کو دوبارہ کھولنے کی ضرورت کو مسترد کردیا ہے، جس کے بعد آسٹریلوی کرکٹ کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہوکر سامنے آگئے ہیں۔