آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے 3 آئل ٹینکرز ٹکرا گئے، ایرانی بحریہ کا امریکی ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
کشیدگی میں اضافہ، اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جوابی کارروائی کی تنبیہ۔
آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے 3 آئل ٹینکرز ٹکرا گئے، ایرانی بحریہ کا امریکی ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
تہران (نیوز ڈیسک) آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے ایک اہم اور کشیدہ واقعے میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر 3 آئل ٹینکرز کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ پاسدارانِ انقلاب نے ساحلی علاقے میں ایک امریکی ڈرون کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کی جانب سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس اہم آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت سخت پابندیوں کی زد میں ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دو آئل ٹینکرز نے اپنے ریڈار اور لوکیشن سسٹم بند کر رکھے تھے اور وہ غیر مجاز راستے سے خفیہ طور پر آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران وہ بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے۔ دھماکوں کے نتیجے میں ان جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایران کی باقاعدہ بحریہ نے ایک الگ بیان میں تصدیق کی ہے کہ ایک اور آئل ٹینکر بھی اسی نوعیت کے واقعے میں بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا ہے۔
دستاویزات اور بیانات کے مطابق یہ ٹینکر آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع غیر محفوظ اور ممنوعہ علاقے سے گزر رہا تھا اور اس کا ٹریکنگ نظام بھی بند تھا۔ بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور اسے اپنا سفر روکنے پر مجبور ہونا پڑا۔ خیال رہے کہ فروری میں امریکا کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے کے بعد سے تہران اس مؤقف پر قائم ہے کہ اس آبی گزرگاہ سے گزرنے والے جہاز اجازت حاصل کریں، بصورتِ دیگر انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی بحریہ نے کوہستک کے ساحل کے قریب سیرک کے علاقے میں ایک امریکی ایم کیو 1 ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں تعینات امریکی افواج کے ارلی وارننگ ریڈار کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دشمن کے لیے ایک واضح انتباہ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں فضائی کارروائیاں اور مداخلت فوری طور پر بند کر دے۔