بس پر چڑھنے سے روکی گئی لڑکی کا ایک اور پہلو سامنے آگیا،ذہنی عدم توازن کا شبہ

تصاویر میں نظر آنے والی لڑکی مبینہ طور پر وہی ہے جسے ماضی میں بسوں میں ہنگامہ آرائی اور نامناسب حرکات کے دوران دو مرتبہ تشدد کا سامنا کرنا پڑا

November 14, 2026 · قومی
بس پر چڑھنے سے روکی گئی لڑکی کا ایک اور پہلو سامنے آگیا،ذہنی عدم توازن کا شبہ

بس پر چڑھنے سے روکی گئی لڑکی کا ایک اور پہلو سامنے آگیا،ذہنی عدم توازن کا شبہ

لاہور میں بسوں میں ہنگامہ آرائی کے واقعات سے خبروں میں آنے والی کم عمر لڑکی کے معاملے کا ایک اور پہلو سامنے آگیا، صحافی محمد عمیر نے لڑکی کے والدین یا سرپرستوں کی تلاش اور ضرورت پڑنے پر اسے مناسب فلاحی مرکز منتقل کرنے کی تجویز دے دی۔

صحافی محمد عمیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لڑکی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کو محض تشدد، مقدمات یا سوشل میڈیا پر تضحیک تک محدود رکھنے کے بجائے اس کا مستقل اور ذمہ دارانہ حل تلاش کیا جائے۔

محمد عمیر کے مطابق تصاویر میں نظر آنے والی لڑکی مبینہ طور پر وہی ہے جسے ماضی میں بسوں میں ہنگامہ آرائی اور نامناسب حرکات کے دوران دو مرتبہ تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا ہے کہ لڑکی کے رویے سے ذہنی عدم توازن کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی طبی تشخیص کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

صحافی نے دعویٰ کیا کہ لڑکی کی بسوں کے علاوہ بیکریوں اور امدادی دفاتر میں بھی نامناسب حرکات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق بعض مواقع پر دیگر افراد کو بھی اس کے رویے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد عمیر کا کہنا ہے کہ ان کی پوسٹ کا مقصد لڑکی کی تضحیک کرنا یا اس پر تشدد کو درست قرار دینا نہیں، بلکہ اس کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے عملی اقدامات کی جانب توجہ دلانا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پہلے لڑکی کے والدین یا سرپرستوں کی شناخت کی جائے اور اگر خاندان اس کی مناسب دیکھ بھال کرنے سے قاصر ہو تو اسے کسی موزوں فلاحی مرکز میں منتقل کرنے کا انتظام کیا جائے۔

یہ معاملہ لاہور میں بس کنڈکٹر کی جانب سے خاتون مسافر کو دھکا دینے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مزید زیر بحث آیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کنڈکٹر سے سرعام معافی منگوانے کا مطالبہ کیا تھا۔

صحافی محمد عمیر نے اس واقعے کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ لڑکی کے رویے سے متعلق اپریل 2026 میں ایک واقعہ رپورٹ کیا گیا تھا اور بسوں میں دیگر خواتین کے ساتھ نامناسب حرکات کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔ تاہم ان کا مؤقف ہے کہ کسی بھی صورت میں تشدد یا بدسلوکی قابل قبول نہیں۔

انہوں نے بس عملے کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کے ساتھ ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت دینے پر بھی زور دیا، تاکہ خصوصی ضروریات کے حامل افراد کے ساتھ احترام کا برتاؤ کرتے ہوئے مسافروں کی حفاظت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جاسکے۔

محمد عمیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ لڑکی کی حفاظت، نگرانی اور مستقبل کے لیے مستقل انتظام کیا جائے تاکہ اسے بار بار تشدد اور تضحیک کا سامنا نہ کرنا پڑے۔