گورنر خیبرپختونخوا کا سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان
کوہاٹ حملے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم، غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کی فہرست بھی جاری
گورنر خیبرپختونخوا کا سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان
پشاور: خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہفتے کے روز صوبے بھر میں سونے کی کان کنی پر پابندی عائد کرنے اور غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے تمام مائننگ لیز منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر نے کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کی، جس میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی سے واپس آنے والے 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف حکومت کی آئندہ حکمت عملی کے تحت مثالی کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
گورنر نے مائننگ لیز رکھنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ علاقوں سے بھاری مشینری ہٹا لیں، بصورت دیگر ہونے والے نقصان کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے بعد مشینری نہ ہٹائی گئی تو اسے ضبط کرلیا جائے گا۔ اس بار جرمانے 25 یا 30 ہزار روپے تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ قانون کے مطابق 20 لاکھ روپے تک ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ماضی میں قانون کے مطابق جرمانے کیوں عائد نہیں کیے گئے۔ غیر قانونی کان کنی میں ملوث سیاست دانوں یا دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
کوہاٹ واقعے سے متعلق گورنر نے بتایا کہ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد انتظامیہ نے غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔
ان کے مطابق پولیس اہلکار ایک کامیاب آپریشن کے بعد واپس آرہے تھے کہ انہیں فتنۃ الخوارج نے نشانہ بنایا۔
فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ فتنۃ الخوارج اور غیر قانونی کان کنوں کے درمیان گٹھ جوڑ تھا۔ کان کن دہشت گردوں کو بھتہ دیتے تھے اور بدلے میں انہیں تحفظ فراہم کیا جاتا تھا۔ ان کے بقول پولیس اہلکاروں کی شہادت کی وجہ یہی گٹھ جوڑ بنا۔
گورنر نے کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنی کے دوران استعمال ہونے والی مشینری اور آلات کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ ان کے مطابق بلاک سی اور ڈی میں کان کنی جاری تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سرگرمی میں 8 ہزار 350 ٹرک، 3 ہزار 660 ایکسکیویٹرز، ڈائنامو والی ایک ہزار 730 ٹریکٹر ٹرالیاں، ایک ہزار 600 ڈمپرز، 200 ہیوی لوڈرز اور 49 ہزار سے 51 ہزار تک مزدور شامل تھے۔
گورنر کے مطابق غیر قانونی کان کنی کا ماہانہ حجم 4 ارب 92 کروڑ روپے تھا، جبکہ 80 فیصد منافع افغانستان بھیجا جارہا تھا اور پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں استعمال ہورہا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں فروری 2026 میں طالبان رہنما نعمت اللہ عرف کمانڈر کی سربراہی میں یوتھ کمیٹی قائم کی گئی تھی۔
ان کے مطابق اس کمیٹی کا مقصد مقامی اور غیر مقامی افراد سے بھتہ وصول کرنا تھا، جس کے تحت مقامی افراد سے ہفتہ وار 8 لاکھ روپے اور غیر مقامی افراد سے ایک لاکھ 10 ہزار روپے وصول کیے جاتے تھے۔ یہ رقم فتنۃ الخوارج پاکستان، سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے خلاف استعمال کرتا تھا۔
گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی اور اس گٹھ جوڑ میں ملوث ہر شخص کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک جزا اور سزا کا نظام موجود نہیں ہوگا، نہ صوبہ ترقی کرسکتا ہے اور نہ ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔ اب ملک نظریہ ضرورت کے تحت نہیں چل سکتا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاست دان ہو، بیوروکریٹ یا پولیس افسر، جو بھی قصوروار پایا گیا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے، چاہے وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔
گورنر نے خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث 12 سیاست دانوں کے ناموں کی فہرست بھی پیش کی، جن میں پی ٹی آئی کے آفتاب عالم، رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی، سینیٹر خرم ذیشان، سابق گمبت ٹاؤن ناظم ساجد اقبال، سابق لاچی ٹاؤن ناظم احسان، پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی امجد آفریدی، جے یو آئی (ف) کے سابق ضلعی میئر سیٹھ سیف اللہ، نسیم آفریدی، جے یو آئی (ف) کے سابق امیدوار ایڈووکیٹ حماد اعظم، سہیل آفریدی کے بھائی نوید، اظہر بخاری اور نذیر آفریدی شامل ہیں۔
انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث مقامی رہائشیوں کی فہرست بھی پیش کی۔
گورنر نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا، جو تین ہفتوں کے اندر خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی سے متعلق جامع اور دیرپا حکمت عملی تیار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مائننگ لیز، متعلقہ قوانین اور کان کنی کے مزدوروں کی سیکیورٹی کے لیے ایک جامع نظام متعارف کرایا جارہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ حملے کی تحقیقات کے لیے پشاور ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں آئندہ ہفتے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمیشن جلد رپورٹ پیش کرے گا تاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔
گورنر نے خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کے ارکان پر بھی زور دیا کہ وہ غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث تمام افراد کی تحقیقات کریں اور یہ بھی معلوم کریں کہ بڑی تعداد میں مائننگ لائسنس کیسے جاری کیے گئے۔
پریس کانفرنس کے آغاز میں گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو ایک ماہ سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور انتظامیہ درست سمت میں آگے بڑھنے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں اور انتظامیہ کو مثبت ردعمل ملا ہے، تاہم صوبے میں امن بحال کرنا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
گورنر کے مطابق صوبائی انتظامیہ نے خیبرپختونخوا کے وسائل کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے اور کسی کو بھی انہیں لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حالیہ دو روزہ منرلز کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ اپنے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہے، تاہم عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہوگا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 13 برس سے صوبے کے وسائل لوٹے جارہے ہیں۔ جب بھی صوبائی حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور قومی کمپنیوں کو قدرتی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتی ہے تو بعض عناصر اس کی مخالفت کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ صوبے کے وسائل فروخت کیے جارہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وسائل فروخت نہیں کیے جارہے بلکہ عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ ان کے بقول اس اقدام پر اعتراض کرنے والے بعض افراد خود صوبے کے وسائل لوٹنے میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اکتوبر 2026 میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دیا تھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور صوبے میں امن و ترقی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شکست قبول کرنا ان کے لیے کوئی آپشن نہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وسائل لوٹنے میں ملوث کسی بھی شخص کو اس کے عہدے یا اثر و رسوخ سے قطع نظر نہیں بخشا جائے گا۔